سندھ صدیوں سے ایک آزاد اور خودمختار ملک رہا ہے،ڈاکٹر نیاز کالانی

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)سندھ صدیوں سے ایک آزاد اور خودمختار ملک رہا ہے۔ پاکستان میں شامل ہونے کے بعد پنجاب کو طاقتور بنا کر سندھ کے وسائل پر قبضہ کرنے کی سازش کی گئی۔انگریزوں نے بھی سندھ کی زبان اور وحدت پر ایسا حملہ نہیں کیا تھا۔ یہ اظہار جسقم کے رہنما ڈاکٹر نیاز کالانی نے بدین میں قومی کارکن صابر راہمون کے والدین کی وفات پر تعزیت کے بعد بدین پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ وسائل سے مالا مال دھرتی ہے، اسی وجہ سے ارغونوں، ترخانوں، ایرانیوں، عربوں اور انگریزوں نے سندھ کے وسائل لوٹنے کے لیے اس پر حملے کیے، جن کے خلاف سندھی قوم نے ہر دور میں مزاحمت کی، انہیں ناکام بنایا اور سندھ کے تاریخی وجود کو محفوظ رکھا انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ اسلام امن، انصاف اور سلامتی کا دین ہے، لیکن یہاں اسلام کے نام پر سندھی قوم کے سیاسی، معاشی اور اقتصادی حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا اور سندھیوں کو اپنے ہی وطن میں بے وطن اور دوسرے درجے کا شہری بنانے کی کوشش کی گئی انہوں نے کہا کہ سائیں جی ایم سید نے پاکستان بنایا، لیکن جب پاکستان کے نام پر سندھ کی حاکمیت اور وجود کے خلاف سازشیں کی گئیں تو انہوں نے اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے حکمران بھی سندھ کو تباہ کرنے میں دشمن کے ساتھ شامل رہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور لاکھوں نوجوان روزگار اور وسائل سے محروم ہیں۔ کرپشن کے ذریعے سندھ کے تمام اداروں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ سندھی نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں مار کر دہشت پھیلائی جا رہی ہے اور پرامن احتجاج کرنے والوں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اس موقع پر ایس یو پی کے رہنما امیر آزاد پنہور، نور محمد سومرو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔


