جميل سومرو کا سمترا سے رابطہ، ایس ایس پی تھرپارکر تبدیل، ایس ایچ او اور اہلکار معطل،تحقیقات کا حکم

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما سمترا منجیا نی اور اشوک چوہان کے گھر پر پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ چھاپے کے معاملے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو نے فون پر سمترا منجیا نی سے رابطہ کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔
جس کے بعد حکام نے ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن کو تبدیل کرتے ہوئے خاتون رہنما سمترا منجیا نی کے گھر پر چھاپہ مارنے والے ایس ایچ او ڈیپلو محمد مراد مگریو، ہیڈ کانسٹیبل یامین، ہیڈ کانسٹیبل لاکھو، پولیس کانسٹیبل جگدیش، پولیس کانسٹیبل شمشاد اور پولیس کانسٹیبل غلام محمد کو فوری طور پر معطل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، پولیس کی مبینہ گھر پر چڑھائی کے خلاف شکایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ حکام کی جانب سے واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی تھرپارکر کی تبدیلی اور اہلکاروں کی معطلی کو ضلع تھرپارکر میں حق اور سچ کی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔



