سکھر میں جماعتِ اسلامی کی یوم یکجہتی کشمیر ریلی، بھارتی قبضے کیخلاف شدیداحتجاج

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)جماعتِ اسلامی ضلع سکھر کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر سکھر میں بھرپور انداز میں ریلی نکالی گئی اور سکھر پریس کلب کے سامنے بھارتی ناجائز تسلط کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی کی قیادت جماعتِ اسلامی کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو، امیر ضلع سکھر زبیر حفیظ شیخ، امیر سکھر شہر سرفراز احمد صدیقی، قیم ضلع حافظ امان اللہ تنیو، پریم یونین کے سیکریٹری جنرل خیر محمد تنیو اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ریلی میں حافظ عبدالحلیم تنیو، احسان حفیظ شیخ، میر ہزار خان لاشاری، سجاد اللہ بھٹو سمیت جماعتِ اسلامی کے کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اسداللہ بھٹو نے کہا کہ کشمیر صدیوں سے پاکستان اور سندھ کا حصہ رہا ہے، محمد بن قاسمؒ کے دور میں بھی کشمیر اسی خطے کا حصہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور آج بھی ہم مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ بھارت کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ناجائز ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کراتے ہوئے کشمیری عوام کو استصوابِ رائے کے ذریعے حقِ خود ارادیت دے۔ اسداللہ بھٹو نے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ہمیشہ غیر سنجیدہ طرزِ عمل اختیار کیا گیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ محض زبانی دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ بھارت کے ساتھ تجارتی، سفارتی اور دیگر تمام تعلقات کشمیر کی آزادی سے مشروط ہونے چاہئیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان شاء اللہ حکمرانوں اور عالمی برادری کو مجبور کیا جائے گا کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔اس موقع پر امیر ضلع سکھر زبیر حفیظ شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر منا کر پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کشمیر کے بغیر ادھوری ہے اور پاکستان کی تکمیل اسی وقت ممکن ہے جب کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا۔ریلی کے اختتام پر کشمیری شہداء کے لیے دعا کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔



