غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی،اسرائیلی فضائی حملوں میں متعدد افراد شہید

غزہ(جانو ڈاٹ پی کے)غزہ میں جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے ایک بار پھر متعدد علاقوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ تازہ ترین حملوں میں رہائشی علاقوں کے ساتھ اقوامِ متحدہ کے زیرِ انتظام شیلٹر سینٹرز بھی نشانہ بنے۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں کم از کم11فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ شہدا میں خواتین اور بچے بھی شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔امدادی ٹیموں نے حملوں کے بعد ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جبکہ عالمی تنظیموں نے شیلٹر مراکز کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔حملے ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب جنگ بندی کے حوالے سے سفارتی کوششیں جاری تھیں، تاہم مسلسل خلاف ورزیوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔



