ایران پرامریکی و اسرائیلی حملوں کا17واں دن،تہران پر بمباری،دبئی میں ڈرون حملہ
فجیرہ کے صنعتی علاقے میں بھی ڈرون حملے کے بعد آگ لگنے کی اطلاعات سامنے آئیں

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور جنگ کے 17 ویں روز مشرق وسطیٰ کے مختلف علاقوں میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق تہران میں اسرائیل نے ایک بار پھر فضائی حملوں کی نئی لہر شروع کی، جس کے بعد ایرانی میڈیا نے اطلاع دی کہ دارالحکومت کے اوپر ایرانی فضائی دفاعی نظام نے مبینہ دشمن اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے کارروائی کی۔
خلیجی خطے میں بھی صورتحال کشیدہ رہی۔ حکام کے مطابق دبئی ایئرپورٹ کے قریب ایک ڈرون سے متعلق واقعے کے بعد فیول ٹینک کے قریب آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث پروازوں کا نظام عارضی طور پر متاثر ہوا۔اسی طرح فجیرہ کے صنعتی علاقے میں بھی ڈرون حملے کے بعد آگ لگنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
دوسری جانب اسرائیل کے وسطی علاقوں میں اس وقت فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے جب ایران کی جانب سے ایک میزائل فائر کیے جانے کی اطلاع ملی۔
اسی دوران عراق میں پی ایم ایف کے ہیڈکوارٹر پر فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد زخمی ہو گئے۔ عراقی فضائی دفاعی نظام نے بغدار میں امریکی سفارتخانے اور بلد ایئربیس کے قریب ڈرونز کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
دریں اثنا لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی حملے جاری ہیں اور اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ حزب اللہ کے خلاف محدود زمینی کارروائیاں بھی کر رہی ہے۔ لبنان میں اب تک اموات کی تعداد 850 تک پہنچ چکی ہے جن میں 100 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔



