ڈی جی آئی ایس پی آر کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اساتذہ و طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست

بہاولپور (جانوڈاٹ پی کے) ڈی جی آئی ایس پی آر نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا، جس میں قومی اور علاقائی سکیورٹی، آپریشن بنیان المرصوص، اور پاک فوج کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بہاولپور کے عوام کی تحریکِ پاکستان اور استحکامِ پاکستان میں خدمات کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ نشست میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے بھارتی گٹھ جوڑ، سوشل میڈیا پروپیگنڈا، اور نوجوانوں کے شعور میں میڈیا لٹریسی کے کردار پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے قومی سلامتی کے مفہوم اور مقاصد پر طلبہ و اساتذہ کو آگاہی فراہم کرنے کی کوشش کو سراہا۔ شرکاء نے میڈیا لٹریسی کو منفی پروپیگنڈا اور دشمن کے بیانیے سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔

نشست کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے اور ہر مشکل میں قوم کے ساتھ کھڑے رہنے پر فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مدارس کے طلبہ نے بھی کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ریاست اور آئین کا سر فخر سے بلند رکھا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button