وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔
واضح رہے کہ ایران میں سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، کراچی میں امریکی قونصل خانے پر احتجاج کے دوران مظاہرین امریکی قونصلیٹ کے احاطے میں داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ کی، اس دوران فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، کاروباری مراکز بند ہیں، نوابشاہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی اور ریلی نکالی گئی، سانگھڑ میں مظاہرین نے سانگھڑ نوابشاہ مین شاہراہ پر دھرنا دے دیا، عمرکوٹ میں بھی آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
شاہی بازار، تھر بازار عائشہ مارکیٹ سمیت تمام کاروباری مراکز بند ہیں، نوشہروفیروز، گھوٹکی میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، خیرپور میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔ مختلف مقامات پر قومی شاہراہ احتجاج کے باعث بند ہے جیکب آباد میں ایم ڈبلیو ایم اور شہریوں کی جانب سے ڈی سی چوک پردھرنا دیا گیا، جھل مگسی میں امام بارگاہ نقویہ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



