اپوزیشن اتحاد کا پارلیمنٹ میں دھرنا جاری، عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اپوزیشن اتحاد کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے مطالبے پر پارلیمنٹ میں دھرنا جاری ہے، شرکاء پارلیمنٹ کے باہر احاطے میں آگئے۔
اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے کہاکہ 100 سے زائد اراکین پارلیمنٹ کو آپ یہاں قیدی بنا کر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دھمکیاں دینے والے لوگ نہیں۔ حکومت رابطہ کرے یا نہ کرے دھرنا جاری رہے گا، مطالبات نہ مانے گئے تو رمضان میں بھی دھرنا جاری رہے گا، یہیں پر روزے بھی رکھیں گے اور تراویح بھی پڑھیں گے۔
انہوں نے کہا وزیر اعظم کو اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے 3 ڈاکٹرز کے ناموں پر مشتمل خط لکھا تھا، وزیر اعظم نے اس پر کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کل بات ہوئی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کو الشفا اسپتال لے جانے تک یہاں دھرنا دیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ ضائع نہ ہو وہ جس اسپتال میں جانا چاہیں علاج کرائیں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا پی ٹی آئی کا جرم کیا ہے،یہ اپنا مینڈیٹ واپس مانگ رہے ہیں۔ اس پارلیمنٹ کی آزادی کے لیے ہم کسی حد تک بھی جائیں گے۔
پروگرام نیا پاکستان میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ابھی تک حکومت نے اپوزیشن سے دوبارہ رابطہ نہیں کیا ، ایک ہفتہ پہلے ڈاکٹرز کے نام وزیراعظم کو بھیجے گئے ، کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ، سمجھ نہیں آرہا حکومت کیا چاہ رہی ہے اور کیا کررہی ہے۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کیا جائے جہاں تمام میڈیکل سہولیات ہوں ، بانی پی ٹی آئی کو ذاتی میڈیکل ٹیم تک رسائی دی جائے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا جب تک بانی پی ٹی آئی کا علاج نہیں ہوتا ، احتجاج جاری رہے گا ۔



