اسلام آباد ہائیکورٹ کا فراڈ کیس میں نجف حمید کو فوری ریلیف، ایف آئی اے کی گرفتاری روک دی گئی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد ہائیکورٹ نے فراڈ کیس میں ملوث نجف حمید کو بڑا قانونی ریلیف دیتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو ان کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔
عدالتِ عالیہ نے نجف حمید کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، جبکہ مزید کارروائی کے لیے کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپیشل جج سینٹرل کے اس فیصلے پر آئندہ سماعت تک عملدرآمد معطل کر دیا، جس کے تحت ایف آئی اے کی جانب سے نجف حمید کی ضمانتِ قبل از گرفتاری واپس لینے کی درخواست منظور کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ سپیشل جج سینٹرل نے 16 جنوری کو یہ فیصلہ سنایا تھا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق نجف حمید نے اپنی ضمانت منسوخ کیے جانے کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس پر عدالت نے عبوری ریلیف دیتے ہوئے گرفتاری روکنے کا حکم جاری کر دیا۔
کیس کی آئندہ سماعت میں ایف آئی اے اور دیگر فریقین عدالت میں اپنے تحریری جوابات جمع کرائیں گے، جس کے بعد عدالت مزید کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔



