اسلام آباد میں قیامت ٹوٹ پڑی،امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکہ،31نمازی شہید، درجنوں زخمی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امام بارگاہ کے اندر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 31افراد شہید جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ ترلائی کے علاقے میں جمعہ کی نماز کے دوران امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں ہوا۔ خودکش حملہ آور کو مسجد میں داخل ہونے سے روکے جانے پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق دھماکے میں 15 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ واقعے کے فوراً بعد وفاقی دارالحکومت کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
اسپتال حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، پمز اسپتال میں اب تک 11 لاشیں اور 60 زخمی لائے جا چکے ہیں۔ زخمیوں کی بڑھتی تعداد کے باعث پمز اسپتال میں گنجائش ختم ہو گئی، جس کے بعد زخمیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس، رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔



