ٹرمپ کےمضحکہ خیز ڈراموں سے آبنائے ہرمز نہیں کھلے گا، ایرانی پاسداران انقلاب

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایرانی پاسداران انقلاب کا صدر ٹرمپ کے آبنائے ہرمز سے متعلق بیان پر ردعمل آگیا۔
پاسداران انقلاب نے واضح پیغام دیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے اور یہ دشمنوں کےلیے بند رہے گا، امریکی صدرٹرمپ کےمضحکہ خیز ڈراموں سے آبنائے ہرمز نہیں کھلے گا۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ حملوں کی نئی لہر میں متعدد امریکی اور اسرائیلی فوجی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے، یواےای کے قریب امریکی فضائی دفاعی ریڈار سسٹم کو تباہ کیا گیا جب کہ خلیج فارس میں اسرائیلی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بحرین میں امریکی پانچویں بیڑے کے قریب خفیہ ٹھکانے پر حملے بھی شامل ہیں ان حملوں کی نئی لہر میں کئی فوجی افسران کے ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی نئی رجیم بہت کم بنیاد پرست اور ذہین ہے آبنائے ہرمز کھلا تو جنگ بندی کامعاملہ دیکھیں گے اور آبنائے ہرمزکھلنے تک ایران پر حملے جاری رہیں گے۔
انہوں نے لکھا کہ ایران پر بمباری جاری رکھیں گے اور اسے پتھر کے دور میں دھکیل دیں گے جنگ بندی فوری ممکن نہیں ہے ایران کےلئے امریکا کی شرائط اپنی جگہ موجود ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں ’’رجیم چینج‘‘ کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’نئی رجیم‘‘ امریکا کے لیے قابل قبول ہے۔
اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے منگل کو یہ بھی کہا کہ امریکا ایران کے خلاف اپنی فوجی مہم 2 سے 3 ہفتوں کے اندر ختم کر سکتا ہے، ’’ہم بہت جلد نکل جائیں گے، دو ہفتوں میں، شاید دو یا تین ہفتوں میں۔‘‘



