تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں: ایران امریکا مذاکرات جمعےکو مسقط میں ہونگے: ایرانی و امریکی حکام کی تصدیق

تہران،واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)ایران امریکا مذاکرات کی تعطلی سے متعلق تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، ایران اور امریکا نے مذاکرات طے شدہ دن اور وقت کے مطابق ہونے کی تصدیق کردی۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں تصدیق کی کہ امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات جمعے کو صبح 10 بجے مسقط میں ہوں گے۔ ایرانی وزیرخارجہ نے تمام ضروری انتظامات کرنے پر عمانی بھائیوں سے اظہار تشکر کیا۔
دوسری جانب دو سنیئر امریکی عہدیداروں نے بھی امریکی میڈیا سے گفتگو میں مذاکرات عمان میں ہونے کی تصدیق کردی۔
اس سے قبل امریکا، ایران جوہری مذاکرات جمعے کو ہی ترکیے میں شیڈول تھے جس کے بعد ایران کی جانب سے مذاکرات استنبول سے عمان منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ایران نے مذاکرات کا مقام تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ مذاکرات میں علاقائی شراکت داروں کو شامل نہ کرنے اور بات چیت صرف جوہری معاملات تک محدود رکھنے کا بھی مطالبہ کیا تھا تاہم ان مطالبات کو تسلیم یا رد کیے جانے سے متعلق فلحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔



