عمان مذاکرات،ایران کا ’’ابتدائی منصوبہ‘‘ امریکا تک پہنچا دیا گیا

عمان(جانوڈاٹ پی کے)عمان کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات میں ایران کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی جب کہ امریکا کی قیادت ٹرمپ کے خصوصی ایلچی وٹکوف کے ہاتھوں میں ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے مسقط میں اپنے ہم منصب سے ملاقات میں امریکا کے ساتھ جاری تعطل کو سنبھالنے اور بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے ابتدائی منصوبہ پیش کیا ہے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کا دعویٰ ہے کہ جمعہ کو ایران کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور شروع ہوا تھا۔

جس میں ایرانی وزیر خارجہ نے اپنا ابتدائی منصوبہ عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی  کو دیا اور انھوں نے امریکی مشرقِ وسطیٰ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف تک پہنچایا۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی وفد نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے اس منصوبے کا مکمل جائزہ بھی لیا۔

اس طرح پہلے دور میں ایرانی اور امریکی وفد نے عمانی وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں اور اپنے اپنے موقف اور تحفظات سامنے رکھے۔

بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وفد کے ہمراہ عمانی وزیر خارجہ کے ساتھ مشاورت کا دوسرا دور بھی کیا۔

جس کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

تاہم عمانی وزارت خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے ایرانی اور امریکی حکام سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ان ملاقاتوں کا مقصد سفارتی اور تکنیکی مذاکرات کی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا تھا۔

عمانی وزیر خارجہ البوسعیدی نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ سلطنت عمان مکالمے کی حمایت جاری رکھے گا اور فریقین کو قریب لانے کے لیے مختلف شراکت داروں کے ساتھ مل کر اتفاقِ رائے پر مبنی سیاسی حل تلاش کرے گا۔

یاد رہے کہ طویل انتظار اور پس و پیش کے بعد شروع ہونے والے امریکا ایران مذاکرات میں ترکیہ سمیت کئی علاقائی ممالک نے بھی ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

قبل ازیں یہ مذاکرات ترکیہ کی پیشکش پر استنبول میں ہونا تھے تاہم ایران کی خواہش پر عمان کے دارالحکومت عمان میں کیے گئے۔

واضح رہے کہ عمان کی روایتی غیر جانبدارانہ سفارت کاری اور خفیہ سفارتی چینلز ماضی میں بھی ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور موجودہ پیش رفت اسی سلسلے کی کڑی سمجھی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button