​دھمکی کا جواب دھمکی،ٹرمپ کی ناکہ بندی کا جواب ایران ‘باب المندب’ کی بندش سے دے گا

لاہور/تہران(خصوصی رپورٹ/جانو ڈاٹ پی کے)​اسلام آباد مذاکرات کے بے نتیجہ اختتام کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیز فائر توڑنے کا اعلان تو نہیں کیا، لیکن آبنائے ہرمز کی مکمل ناکہ بندی کا فیصلہ کر کے دنیا کو ایک بڑے معاشی بحران کی طرف دھکیل دیا ہے۔ اس ناکہ بندی کا مقصد محض ایران کو روکنا نہیں بلکہ روس اور چین کو بھی اس محاذ پر گھسیٹنا ہے، کیونکہ چین اپنی تیل کی ضروریات کا بڑا حصہ ایران سے پورا کرتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ٹرمپ کا یہ کارڈ الٹا بھی پڑ سکتا ہے، کیونکہ روس اور چین کبھی بھی اپنی شپمنٹس پر امریکی حملے برداشت نہیں کریں گے۔

​دوسری جانب ایران نے اس ناکہ بندی کا توڑ نکالنے کے لیے ‘باب المندب’ کو بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے، جو یمن کے حوثیوں کے ذریعے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ اگر آبنائے ہرمز کے ساتھ باب المندب بھی بند ہو گیا تو عالمی تجارت کا تقریباً 45 فیصد حصہ مفلوج ہو جائے گا اور دنیا میں پٹرول کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو جائیں گی۔ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات اگرچہ حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے، تاہم دونوں فریقین نے پاکستان کی ثالثی اور میزبانی کو سراہا ہے۔ اب یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر 18 سے 20 اپریل تک دوبارہ مذاکرات کی میز نہ سجی تو حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے۔ عالمی اسٹاک مارکیٹس پہلے ہی اس بے یقینی کے باعث مندی کا شکار ہو چکی ہیں، جبکہ پاکستان کی مارکیٹ میں بھی پانچ ہزار پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

YouTube player

مزید خبریں

Back to top button