ایران کشیدگی: امریکا نے طیارہ بردار جنگی بیڑا روانہ کردیا

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)ایران کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگی طیاروں، میزائل اور جہاز کا ایک گروپ بھیجا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے ممکنہ طور پر ایران کی جانب پیش قدمی کے لیے مشرق وسطیٰ میں صف بندی شروع کردی۔

امریکی محکمۂ دفاع پینٹاگون نے بتایا کہ جنوبی چین کے سمندر سے USS Abraham Lincoln نامی طیارہ بردار جنگی بیڑے کو مشرق وسطیٰ کی جانب بھیجا ہے۔

جنوبی چین کے سمندر میں تعینات اب یہ طیارہ بردار جنگی بیڑا امریکی وسطی کمان (CENTCOM) کے لیے استعمال ہوگا۔

مشرق وسطیٰ بھیجے گئے اس جنگی بیڑے میں ایک ایئرکرافٹ کیریئر کے ساتھ تیر باہدف میزائل کروز، تباہ کن جہاز اور دیگر جنگی کشتیاں شامل ہیں۔

امریکا کے اس جنگی بیڑے کی جنوبی چین سے مشرق وسطیٰ میں منتقلی کا فیصلہ ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں مظاہروں اور حکومت کے جواب پر اپنے ردعمل میں اعلان کیا ہے کہ وہ تمام ممکنہ آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی صدر نے متنبہ کیا کہ اگر ایران نے مظاہرین پر تشدد جاری رکھا تو شدید اور بڑی فوجی کارروائی کیلئے تیار ہے۔

ایک جانب صدر ٹرمپ نے ایرانی عوام سے حکومت کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کی اپیل اور دوسری طرف امریکی شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔

یاد رہے کہ ایران نے دھمکی کے جواب میں خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو مشرقی وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور اتحادی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ایران نے مشرقِ وسطیٰ کے ممالک بشمول سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر سمیت دیگر عرب ممالک کو پیغام دیا تھا کہ امریکی فوج کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں۔

مزید خبریں

Back to top button