ایران میں پُرتشدد مظاہرے 13 ویں روز بھی جاری، 100 مسلح فسادی گرفتار، 15 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 65 افراد ہلاک

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران میں پُرتشدد مظاہرے 13 ویں روز بھی جاری ہیں جہاں اب تک پُرتشدد واقعات میں 15 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں جاری مظاہرے تمام 31 صوبوں میں پھیل چکے ہیں جہاں مظاہرین کی جانب سے عوامی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز نے تہران کے نزدیکی قصبے سے 100 مسلح فسادی گرفتار کر لیے جبکہ اب تک ڈھائی ہزار سے زائد افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں مسلسل تیسرے روز بھی انٹرنیٹ سروس بند ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے ملکی دفاع کو سرخ لکیر قرار دیا جبکہ ایرانی فوج نے بھی ہر سازش ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ایرانی میڈیا پر جاری بیان میں ایرانی فوج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے کمانڈر انچیف کی سربراہی میں خطے میں دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایرانی فوج نے قومی مفادات اور عوامی املاک کا تحفظ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا، ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ برس کی 12 روزہ جنگ میں ایرانی بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اب ایران میں حالیہ فسادات کی سازش کے ذمے دار ہیں۔



