ایران کا دبئی، ابوظہبی اور فجیرہ کی بندرگاہوں کے اطراف کے علاقے فوری خالی کرنے کا حکم

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران نے یو اے ای میں دبئی اور ابوظبی کی بندرگاہ کے اطراف کے علاقے فوری خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق کہا گیا ہے کہ جبل علی، خلیفہ پورٹ اور فجیرہ پورٹ کے گردو نواح سے شہری فوری نکل جائیں۔

ایران نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران متحدہ عرب امارات کو خبردار کیا ہے کہ دبئی، ابوظہبی اور فجیرہ کی بڑی بندرگاہوں کے اطراف موجود لوگ فوری طور پر علاقہ خالی کر دیں کیونکہ ان مقامات کو ممکنہ میزائل حملوں کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے ہفتے کے روز ایک ہنگامی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ دبئی کی جبل علی بندرگاہ، ابوظہبی کی خلیفہ بندرگاہ اور ریاست فجیرہ کی فجیرہ بندرگاہ کے قریب موجود رہائشیوں اور کارکنوں کو اپنی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری طور پر ان علاقوں سے نکل جانا چاہیے۔

ایران کا دعویٰ ہے کہ یہ شہری بندرگاہیں دراصل ایسے مقامات بن چکی ہیں جہاں امریکی فوجی عناصر شہری تنصیبات کے درمیان چھپ کر موجود ہیں۔ تہران کے مطابق انہی تنصیبات کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، اس لیے انہیں "جائز اہداف” قرار دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز امریکا اور اسرائیل نے ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ آئی لینڈ سمیت کئی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک میں امریکی مفادات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

اس دوران فجیرہ میں توانائی کی تنصیبات کے قریب ایک ڈرون کو مار گرانے کے بعد اس کا ملبہ گرنے سے آگ لگنے کی بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں جبکہ دبئی ایئرپورٹ کے اطراف اور دیگر شہری علاقوں میں بھی حملوں کے خدشات کے باعث سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button