ایران نے جنگ روکنے کیلئے 6 اسٹریٹجک شرائط پیش کردیں

تہران(جانوڈاٹ)ایران نے جنگ روکنے کیلئے 6 اسٹریٹجک شرائط پیش کردیں۔
ایک اہلکار نے نام ظاہر کیے بغیر ایرانی میڈیا کو بتایا کہ علاقائی پارٹیوں اور ثالثوں نے ایران کو تجاویز پیش کی ہیں کہ جنگ روکی جائے۔
اہلکار نے نئے قانونی اسٹریٹجک فریم ورک کے تحت چھ شرائط بتائیں جن میں سے اولین جنگ دوبارہ نہ شروع ہونے کی یقین دہانی ہے۔
دوسری خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو بند کیا جانا ہے، تیسری جارح کو پیچھے دھکیلنا اور ایران کو ہرجانے کی ادائیگی ہے۔
چوتھے تمام علاقائی فرنٹس پر جنگ کو ختم کیا جانا ہے، پانچویں آبنائے ہرمز کیلیے نئے قانونی رجیم پر عمل درآمد کیا جانا ہے اور چھٹی شرط ایران مخالف میڈیا آپریٹیوز کیخلاف قانونی کارروائی اور انہیں ملک بدر کرنا ہے۔
یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ شرائط کن ثالثوں کے ذریعے امریکا اور اسرائیل کو پیش کی گئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سکیورٹی و سیاسی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایران کی شرائط کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے، ایرانی میڈیا نے ایک سکیورٹی و سیاسی اہلکار کے حوالے سے نام ظاہر کیے بغیر کہا کہ مہینوں پہلے سے طے حکمت عملی کو اسٹریٹجک تحمل کے ساتھ قدم بہ قدم آگے بڑھا رہا ہے۔
دشمن کا فضائی دفاعی نظام تباہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایران اب دشمن کی فضاؤں پر مکمل قابو حاصل کیے ہوئے ہے، اس صورتحال میں ایران جنگ بندی کے فوری امکانات نہیں دیکھ رہا۔



