عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتیں گرگئیں،پاکستان کو بھی بڑا فائدہ

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے اثرات پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر مرتب ہوئے ہیں۔ تازہ رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی فی بیرل قیمت میں 2 ڈالر 74 سینٹ کمی ہوئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 69.27 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 66.54 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرول پریمیم میں بھی فی بیرل 13 سینٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پریمیم 5 ڈالر 14 سینٹ سے کم ہو کر 5 ڈالر 1 سینٹ رہ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پیٹرول پر فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی میں 72 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پیٹرول پر فی لیٹر ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 68 پیسے کمی کے بعد پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 145 روپے 57 پیسے سے کم ہو کر 139 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جو ملکی سطح پر قیمتوں میں ممکنہ کمی کی نوید سمجھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ڈیزل کی عالمی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ عالمی منڈی میں ڈیزل کی فی بیرل قیمت 2 ڈالر 33 سینٹ کم ہو کر 76.32 ڈالر سے 73.99 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈیزل پر فی بیرل کسٹم ڈیوٹی میں 80 پیسے اور ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 35 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں مجموعی طور پر 5 روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد قیمت 155 روپے 33 پیسے سے کم ہو کر 149 روپے 99 پیسے فی لیٹر پر آ گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں صارفین کو مزید ریلیف ملنے کا امکان ہے۔



