سندھ طاس معاہدہ: پاکستان کی بڑی قانونی کامیابی، عالمی عدالت کا بھارت کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم

دی ہیگ (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کو سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کے خلاف جاری تنازع میں ایک اہم سفارتی اور قانونی کامیابی حاصل ہو گئی ہے۔ عالمی ثالثی عدالت نے بھارت کو پاکستانی دریاؤں پر قائم پن بجلی منصوبوں سے متعلق ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عالمی ثالثی عدالت کے مطابق بھارت کو بگلہیار اور کشن گنگا ہائیڈرو پاور منصوبوں کے آپریشنل لاگ بکس 9 فروری تک جمع کرانا ہوں گے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں بھارت کو باضابطہ طور پر وجوہات بتانا ہوں گی۔
عدالت نے مزید ہدایت کی ہے کہ پاکستان 2 فروری تک اس بات کی وضاحت کرے کہ وہ کون کون سی دستاویزات طلب کرنا چاہتا ہے۔ سندھ طاس معاہدے سے متعلق اس کیس کے دوسرے مرحلے کی سماعت 2 اور 3 فروری کو دی ہیگ میں ہوگی۔
ماہرین کے مطابق عالمی عدالت کا یہ فیصلہ پاکستان کے مؤقف کو تقویت دیتا ہے اور سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارتی منصوبوں پر شفافیت یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



