جھنگ میں شوگر مل کی ٹربائن پھٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق، 2 شدید زخمی

جھنگ (جانوڈاٹ پی کے) جھنگ میں واقع ایک شوگر مل میں ٹربائن پھٹنے سے خوفناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو مزدور موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب شوگر مل کی اسٹیم لائن سے منسلک ٹربائن اچانک پھٹ گئی، جس سے زور دار دھماکا ہوا اور مل کے احاطے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ جاں بحق مزدوروں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد شوگر مل میں کام عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


