انڈیگو ایئرلائن کا متاثرہ مسافروں کیلئے 10 ہزار روپے ہرجانے کا اعلان

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی ایئرلائن نے مسافروں کی پریشانی کا خمیازہ ادا کرنے اور انکی اشک شوئی کےلیے انھیں بطور ہرجانہ 10 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی ایئرلائن انڈیگو نے 3، 4 اور 5 دسمبر 2025 کو ہوائی اڈوں پر گھنٹوں پھنسے ہوئے مسافروں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے، جاری بیان میں ایئر لائن نے کہا کہ جو مسافر سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں انھیں 10,000 روپے کا سفری واؤچر دیا جائے گا۔
ان واؤچرز کو اگلے 12 مہینوں میں انڈیگو کی کسی بھی پرواز کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، یہ معاوضہ حکومتی ضوابط کے تحت موصول ہونے والی نقد رقم کے علاوہ ہے۔
بھارت کے موجودہ ڈی جی سی اے قوانین کے مطابق، اگر کوئی پرواز طے شدہ روانگی کے وقت کے 24 گھنٹے کے اندر منسوخ ہوجائے تو مسافروں کو فلائٹ کے بلاک وقت کے لحاظ سے 5,000 سے 10,000 روپے کا الگ سے نقد معاوضہ ملے گا۔
کچھ مسافر 15,000 روپے سے 20,000 روپے (کیش + واؤچر) کا فائدہ بھی حاصل کر سکتے ہیں، انڈیگو کے مطابق منسوخ کی گئی تمام پروازوں کے لیے رقم کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
زیادہ تر مسافروں کے اکاؤنٹ میں رقم پہلے ہی جمع ہو چکی ہے، اور باقی مسافروں کے اکاؤنٹس میں بھی جلد ہی جمع کر دی جائے گی۔
جن لوگوں نے سفری پورٹل جیسے MakeMyTrip، Cleartrip، Yatra وغیرہ کے ذریعے بکنگ کی ہے ان کے لیے رقم کی واپسی بھی شروع کی جاچکی ہے۔



