بھارت کو جدید ٹیکنالوجی کے اہم عالمی اتحاد سے باہر نکال دیا گیا،اپوزیشن کا مودی کی پالیسی پر احتجاج

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کو جدید ٹیکنالوجی کے ایک اہم عالمی اتحاد پیکس سیلیکا سے باہر نکال دیا گیا ہے، اسے بھارتی اپوزیشن نے وزیرِاعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی کی ناکامی قرار دیا ہے۔
بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے سوال اٹھایا ہے کہ امریکا کی قیادت میں قائم ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی اتحاد سے بھارت کو کیوں نکالا گیا۔
اپوزیشن رہنما جے رام رمیش کا کہنا ہے کہ مئی میں پاکستان کے ساتھ کشیدگی اور اس کے بعد ہونے والی پیش رفت نے بھارت کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔
جے رام رمیش کے مطابق 10 مئی کے بعد بھارت کو کسی بڑے عالمی اتحاد سے باہر کیا جانا حیران کن نہیں، کیونکہ بھارت کی سفارتی پوزیشن کمزور ہوئی ہے، پیکس سیلیکا جیسے سٹریٹجک اتحاد سے اخراج مودی حکومت کی عالمی سطح پر تنہائی کی علامت ہے۔
پیکس سیلیکا امریکا کی قیادت میں قائم کیا گیا ایک نیا اسٹریٹجک اقدام ہے جس کا مقصد قابلِ اعتماد اتحادی ممالک کے ساتھ محفوظ سلیکون اور جدید ٹیکنالوجی کی سپلائی چین قائم کرنا ہے، اس اتحاد میں بھارت کی شمولیت نہ ہونا مودی حکومت کے لیے ایک بڑا سفارتی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارتی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے دور میں ایسے عالمی اتحاد سے باہر ہونا بھارت کے مستقبل کے لیے تشویشناک ہے، بھارت کی خارجہ پالیسی مسلسل ناکامیوں کا شکار ہے جس کے باعث عالمی سطح پر ملک کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔



