پہلگام جیسے حملوں کا امکان ہے، آپریشن سندور 2.0 پہلے سے زیادہ ہلاکت خیز ہوگا، بھارتی جنرل کی بھڑکیں

جموں (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فوج کے مغربی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار کاتیار نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارت سے براہِ راست جنگ لڑنے کی صلاحیت نہیں، تاہم وہ پہلگام جیسے دہشت گرد حملوں کی کوششیں دوبارہ کرسکتا ہے، بھارتی ردِعمل ‘آپریشن سندور 2.0’ ماضی سے زیادہ ہلاکت خیز اور طاقتور ہوگا۔
لیفٹیننٹ جنرل کاتیار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اپنی ہزار زخموں کے ذریعے بھارت کو کمزور کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ پاکستان کے پاس جنگ لڑنے کی سکت نہیں، وہ محاذ آرائی نہیں چاہتا بلکہ شرپسندانہ کارروائیوں سے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ لیکن ہم پوری طرح تیار ہیں، اور اس بار ردِعمل ماضی سے زیادہ شدید ہوگا۔
ایک سوال پر کہ آیا آپریشن سندور 2.0 پہلے سے زیادہ تباہ کن ہوگا، انہوں نے کہا کہ جی ہاں، بالکل درست، اس بار کارروائی زیادہ طاقتور ہوگی، اس میں کوئی شک نہیں۔
بھارتی جنرل نے دعویٰ کیا کہ آپریشن سندور میں پاکستان کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، اس کی چوکیوں اور فضائی اڈوں کو تباہ کیا گیا، تاہم پاکستان مستقبل میں پھر ایسی کارروائی کی کوشش کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری طرح تیار ہیں، اور یقین ہے کہ اس بار کا ردعمل زیادہ سخت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، وہ دوبارہ دہشت گردانہ حملے کی کوشش کرسکتا ہے، لیکن بھارتی فوج چوکس ہے اور ہر ناپاک عزائم کو ناکام بنائے گی۔



