"موساد”کا ٹرمپ کو دھوکہ،اسرائیل اور بھارت نے پاکستان کے امن مشن کی تباہی کیلئے سر جوڑ لیے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ/جانو ڈاٹ پی کے)مشرق وسطیٰ میں سیز فائر کے لیے پاکستان کی تاریخی کامیابی نے جہاں پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے، وہاں اسرائیل، بھارت اور یو اے ای کے مثلث پر مبنی ایک خفیہ اتحاد اس امن عمل کو ناکام بنانے کے لیے متحرک ہو گیا ہے۔ تازہ ترین انکشافات کے مطابق اسرائیل کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’موساد‘ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک ایسا تزویراتی دھوکا دیا جس کا مقصد ایران میں نظام کی تبدیلی اور قیادت کا خاتمہ تھا، لیکن امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے اس منصوبے کو مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ رپورٹس بتاتی ہیں کہ اسرائیل اب امریکہ کو بھی دھوکا دے رہا ہے اور سیز فائر کی آڑ میں لبنان پر بدترین حملے کر کے جنگ کو طول دینا چاہتا ہے تاکہ ٹرمپ انتظامیہ کو دوبارہ اس دلدل میں گھسیٹا جا سکے۔ دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا ہنگامی دورہ یو اے ای اس ناپاک گٹھ جوڑ کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے جہاں یہ تینوں ممالک ایشیا کے ابھرتے ہوئے نئے ورلڈ آرڈر، جس میں پاکستان، چین، روس اور سعودی عرب شامل ہیں، کو روکنے کے لیے فتنہ پردازی میں مصروف ہیں۔ پاکستان اس وقت سفارتی محاذ پر ایک کڑی آزمائش سے گزر رہا ہے جہاں ایک طرف اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی وفود کی آمد کی تیاریاں مکمل ہیں اور میریٹ ہوٹل کا کنٹرول سنبھال لیا گیا ہے، تو دوسری طرف دشمن قوتیں پاکستان کے اندرونی حالات کو خراب کر کے اس عالمی کریڈٹ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ تزویراتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صدی ایشیا کی ہے اور پاکستان کا امن میں کلیدی کردار ان قوتوں کے لیے ناقابلِ ہضم بن چکا ہے جو صرف اسیسینیشنز اور ریجیم چینج کی سیاست پر یقین رکھتی ہیں۔




