بریک تھرو: حکومت کی یقین دہانی، آج ڈاکٹرز پینل بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ کرے گا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال میں ایک اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں حکومتی شخصیات نے پاکستان تحریک انصاف کو آگاہ کر دیا ہے کہ آج ڈاکٹرز کا خصوصی پینل بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے اہم حکومتی شخصیات نے براہِ راست رابطہ کیا، جس دوران پی ٹی آئی قیادت کو یقین دہانی کروائی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خدشات دور کرنے کے لیے آج ڈاکٹرز کا پینل معائنہ انجام دے گا۔ معائنے سے متعلق تمام تفصیلات پاکستان تحریک انصاف کو باضابطہ طور پر فراہم کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن اتحاد بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج تک رسائی کے مطالبے پر بدستور ڈٹا ہوا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں اسلام آباد کے تین مختلف مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔
صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ داخلی راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے قیدی وینز بھی موقع پر موجود ہیں۔ سکیورٹی ادارے حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔



