اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے 9 مئی اور دیگر 5 کیسز میں پیشی کا حکم، ضمانت کی سماعت 6 فروری تک ملتوی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو 9 مئی اور دیگر پانچ مقدمات میں آئندہ سماعت پر عدالت میں یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت میں سماعت کے دوران عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 6 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل ملتوی کرنے کا سبب بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کو قرار دیا۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات میں 9 مئی کی تقریبات، اقدام قتل، جعلی رسیدیں اور دیگر الزامات شامل ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ جعلی رسیدیں جمع کروانے پر مقدمہ درج ہے۔
ذرائع کے مطابق عدالت میں این سی سی آئی اے کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں عمران خان کی طرف سے تعاون نہ کرنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرانے کے اقدامات کی تفصیلات بھی سامنے آئیں۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ آئندہ سماعت پر عمران خان کی موجودگی یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی لازمی ہوگی۔



