تحریک انصاف نے لیاقت باغ جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)تحریک انصاف نے لیاقت باغ جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کا اہم اجلاس ہواجس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت پارٹی کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور خصوصاً خطے میں ہونے والی حالیہ اہم تبدیلیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پولیٹیکل کمیٹی نے امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر غور کیا اور اس سنگ میل کا خیر مقدم کیا۔ تحریک انصاف اس اہم کامیابی کے حصول میں تمام فریقین کی کوششوں کو سراہتی ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف مشرقِ وسطیٰ میں محض عارضی تعطل نہیں بلکہ مستقل جنگ بندی اور پائیدار امن کی خواہاں ہے۔ ہمارا موقف ہے کہ خطے میں استحکام ہی عالمی معیشت اور انسانیت کی بقا کا ضامن ہے۔ پاکستان 10 اپریل کو اسلام آباد میں مستقل جنگ بندی کے حوالے سے فریقین کے درمیان ایک انتہائی اہم اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ اجلاس عالمی اور علاقائی امن کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
کمیٹی میں بتایا گیا کہ قائد تحریک انصاف عمران خان نے بھی بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے پیغام بھجوایا ہے کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر جلسہ ملتوی کیا جائے، جس کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران بھی کیا۔



