عدالتوں سے حکم آیا تو عمران خان کو اسپتال منتقل کردیں گے: رانا ثنااللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عدالتوں سے حکم آیا تو عمران خان کو اسپتال منتقل کردیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ نوازشریف کو دل کا عارضہ لاحق تھا، ڈاکٹرز نے معائنہ کیا، عدالت نے اجازت دی، ہم نے شرائط پوری کیں اورنوازشریف بیرون ملک گئے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں سےحکم آتا ہے تو بانی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کیاجائےگا۔
ان کا کہنا تھاکہ ملاقات بند کی تو افواہ پھیلائی گئی کہ بانی کو کوئی مسئلہ ہوا ہے، ہم نے بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہن کی ملاقات کرائی، خاندان یا پارٹی کا اطمینان علیحدہ چیزیں ہیں، قانون اس کو نہیں جانتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 5 ڈاکٹروں کے پینل نے دو دفعہ بانی کا معائنہ کیا، ریکارڈ موجود ہے، یہ لوگ مطمئن نہیں ہیں تو سپریم کورٹ سے رجوع کرنا چاہیے، یہ کوشش میں ہیں کہ کوئی ایشو بنایاجائے اور اس کو استعمال کریں، ڈاکٹربانی سےملاقات کرکےکوئی الٹی سیدھی گفتگوکریں تو کون ذمہ دارہوگا؟
دوسری جانب قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شاہدخٹک نے کہا ہے کہ علیمہ خان کی باتیں بھائی کےلیے بہن کا درد تھا، بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کا علاج کرانےمیں قباحت کیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا معائنہ ان کے ذاتی معالج کی موجودگی میں کیاجائے، معائنے کے دوران کم از کم بانی کی کسی ایک بہن کو موجود ہوناچاہیے، یہ بانی کی صحت کامسئلہ ہے،کچھ ہواتو ذمےدارکون ہوگا؟
ایک سوال کے جواب میں شاید خٹک کا کہنا تھا ڈاکٹرکوکیوں جانے نہیں دے رہے، علاج کرایاہےتو پردہ داری کس چیزکی ہے؟ ڈاکٹر کی ملاقات کرادیں، وہ کوئی غلط گفتگو نہیں کرےگا۔



