عمران خان کا اڈیالہ جیل میں علاج کا تمام ریکارڈ طلب، آنکھوں کے علاج کیلئے اسپیشلسٹ پینل قائم

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اڈیالہ جیل میں علاج معالجے سے متعلق تمام میڈیکل ریکارڈ ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے طلب کر لیا ہے۔ اس حوالے سے جیل حکام کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جیل انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ عمران خان کے وائٹل سائنز جن میں بلڈ پریشر، نبض، درجہ حرارت، شوگر سمیت دیگر طبی تفصیلات شامل ہیں کا مکمل اور تفصیلی چارٹ فراہم کیا جائے۔ اس کے علاوہ کنسلٹنٹس کی رپورٹس بھی طلب کی گئی ہیں، جن میں یہ واضح کیا جائے گا کہ کس تاریخ کو، کس ڈاکٹر یا میڈیکل اسٹاف نے عمران خان کا معائنہ کیا۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ آن ڈیوٹی ڈاکٹر روزانہ تین مرتبہ عمران خان کے وائٹل سائنز ریکارڈ کرتا ہے۔ دریں اثنا حکومت کی جانب سے عمران خان کی آنکھوں کے علاج کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت انہیں اسپتال منتقل کرنے اور مکمل چیک اپ کے لیے الشفا آئی اسپتال کے دو سینئر ماہرین پر مشتمل ایک پینل تشکیل دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس میڈیکل پینل میں شامل ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر امجد کا شمار پاکستان کے ٹاپ کلاس ماہرینِ امراضِ چشم میں ہوتا ہے، جو عمران خان کی آنکھوں کے معائنے اور علاج کی نگرانی کریں گے۔



