آئی ایم ایف کا امریکا کو تجارتی کشیدگی ختم، بلند ٹیرف کم کرنے پر زور

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے) آئی ایم ایف نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ تجارتی کشیدگی، خاص طور پر بلند ٹیرف اور پالیسی کی غیر یقینی صورتحال کو کم کرے کیونکہ یہ عالمی معیشت کے لیے خطرات پیدا کر رہی ہے۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ ٹیرف سے مہنگائی بڑھ رہی ہے اور سرمایہ کاری کو نقصان پہنچ رہا ہے جس سے اقتصادی ترقی کمزور ہو سکتی ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ غیر یقینی صورتحال اور تجارتی پابندیوں کے باعث عالمی سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے، اس صورتحال کے منفی اثرات نکل سکتے ہیں۔
عالمی معیشت کی نازک حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی ایم ایف نے امریکا اور اس کے تجارتی شراکت داروں سے کہا کہ وہ تجارتی رکاوٹوں اور غیر منصفانہ تجارتی طریقوں پر مل کر کام کریں اور جلد از جلد تجارتی معاہدوں تک پہنچیں تاکہ عالمی ترقی اور سرمایہ کاری کو تحفظ مل سکے۔



