متنازع ٹویٹ کیس: ایمان مزاری اور ان کے شوہر کو ویڈیو لنک پر پیش کرنے کی اجازت

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) متنازع ٹویٹ کیس میں عدالت نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی اجازت دے دی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف مقدمے کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی۔ سماعت کے آغاز پر عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز اور ڈپٹی ڈائریکٹر این سی سی آئی کو ملزمان کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں صبح 10 بجے عدالت میں پیش کیا جائے۔

جج محمد افضل مجوکہ نے ریمارکس دیے کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں جرح کا آخری دن ہے، جس کے بعد عدالت نے سماعت میں 10 بجے تک وقفہ کر دیا۔

بعد ازاں پولیس حکام نے عدالت میں اپنا تحریری جواب جمع کرایا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیکیورٹی خدشات اور دیگر وجوہات کے باعث ملزمان کو عدالت لانے کے لیے 5 سے 6 گھنٹے درکار ہوں گے، لہٰذا انہیں بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ساڑھے 10 بجے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ سماعت میں 10:30 بجے تک وقفہ کر دیا گیا۔

دوسری جانب راولپنڈی میں ایمان مزاری اور ہادی علی کی گرفتاری کے معاملے پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی نے آج ہڑتال کر دی۔ وکلا نے عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے ساڑھے 11 بجے احتجاجی اجلاس طلب کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار نے ایمان مزاری کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا، جبکہ صدر بار نے گرفتاری کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا۔

مزید خبریں

Back to top button