تھرپارکر: غیرقانونی پیٹرول پمپ ایجنسیوں کیخلاف آپریشن، مٹھی میں کئی پمپ سیل

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)ضلع تھرپارکر میں چلنے والی سینکڑوں غیرقانونی پیٹرول پمپ ایجنسیوں کے خلاف آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ نگرپارکر، اسلام کوٹ اور چھاچھرو کے بعد گزشتہ روز مٹھی تعلقہ میں کارروائی کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کے حکم پر اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف بھکؤ پہنچے اور کئی غیرقانونی طور پر چلنے والے پیٹرول پمپ سیل کر دیے۔

اس حوالے سے سیاسی اور سماجی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، جہاں بھی دکانوں اور کیبنز پر بوتلوں میں پیٹرول بھر کر فروخت کیا جا رہا ہے، انہیں بھی روکا جائے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ تعلقہ ڈیپلو اور تعلقہ کلوئی میں بھی بڑی تعداد میں غیرقانونی پیٹرول پمپ ایجنسیاں کھلی ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گاؤں ساکری، چڑیل، گاہ خرچ، بولہاڑی، کلوئی شہر اور دیگر مختلف علاقوں میں پیٹرول کا غیرقانونی کاروبار جاری ہے۔

مقامی سیاسی اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی سے مطالبہ کیا ہے کہ کلوئی اور ڈیپلو تعلقوں میں قائم غیرقانونی پیٹرول پمپ ایجنسیوں کو بھی بند کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button