بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے تیل کی کمی کو پورا کرنے کیلئے40 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کی منظوری دیدی

دوحہ(جانوڈاٹ پی کے)بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتح بیرول نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث ہونے والی تیل کی کمی کو پورا کرنے کے لیے آئی ای اے 40 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آئی ای اے ممالک نے ہماری ایجنسی کی تاریخ میں تیل کے ہنگامی ذخائر کی اب تک کی سب سے بڑی ریلیز شروع کرنے کے لیے ’اتفاقِ رائے سے‘ ووٹ دیا ہے۔
آئی ای اے کا کہنا ہے کہ اس کے تمام 32 رکن ممالک نے اس اقدام کے حق میں ووٹ دیا۔
فاتح بیرول کا کہنا ہے کہ تیل کی منڈی کو جس پیمانے کے چیلنجوں کا سامنا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔
آئی ای اے کا کہنا ہے کہ ہنگامی سٹاک مارکیٹ میں ہر رکن ملک کے قومی حالات کے مطابق مقررہ وقت پر دستیاب ہوں گے۔
یہ چھٹا موقع ہے جب آئی ای اے نے تیل کے ذخائر کے مربوط اجرا کی منظوری دی ہے۔ اس سے قبل 1991، 2005، 2011 جبکہ 2022 میں دو بار ایسا کیا جا چکا ہے۔



