آئی سی سی ویمن ورلڈکپ،آسٹریلیا نے بھارت کیخلاف 331 رنزکا ہدف حاصل کرکے نیا ریکارڈ بنادیا

ممبئی(jano.pk)آئی سی سی ویمن ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف 331 رنز کا ہدف حاصل کرکے نیا ریکارڈ بنادیا۔

وشاکا پٹنم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی اوپنرز سمرتی مندھانا اور پراتیکا راول نے 155 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ سمرتی نے 80 بنائے، راتیکا نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔پھر ہرلین دیول نے 38، جمائما روڈریگز نے 33 اور رچا گھوش نے 32رنز بنا ئے، بھارتی ٹیم 49 ویں اوور میں 330 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔آسٹریلیا کی جانب سے انابیل سندرلینڈ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

331 رنز کےتعاقب میں آسٹریلوی اوپنر لچفیلڈ نےکپتان ایلیسا ہیلی کے ساتھ 85 رنز کی بنیاد رکھی۔ لچفیلڈ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، پھر ایلسا پیری آئیں لیکن اسکور 154 ہوا تو وہ ریٹائر ہرٹ ہوکر گراؤنڈ سے باہر چلی گئیں۔بیتھ مونی چار اور انابیل صفر پر پویلین لوٹ گئیں، اس موقع پر ایشلے گارڈنر نے کپتان کے ساتھ مل کر اسکور 265 تک پہنچادیا۔ اسی دوران ایلیسا ہیلی نے سنچری مکمل کی، وہ 107 گیندوں پر 142 رنز بنا کرآؤٹ ہوئیں۔

ان کے بعد مزید 2 وکٹیں گریں تو ایلیسا پیری دوباری میدان میں آئیں اور 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو تین وکٹ سے تاریخی فتح دلا دی۔ آسٹریلیا نے 331 رنز کا ہدف ایک اوور پہلے حاصل کرلیا۔آسٹریلوی ٹیم نے 331 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرکے ویمن ون ڈے کرکٹ کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ یہ ویمن ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب ہے۔

مزید خبریں

Back to top button