بدین: پنگریو میں آئی بی اے ٹیسٹ 2021 کے امیدواروں کا نوکری آرڈرز جاری نہ ہونے پر احتجاج

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)پنگریو میں آئی بی اے ٹیسٹ 2021 کے امیدواروں نے نوکری کے آرڈرز جاری نہ ہونے پر شدید احتجاج کیا۔امیدواروں نے شادی اسمال واہ پل سے پریس کلب پنگریو تک ریلی نکالی، جس میں مختلف علاقوں کے امیدوار شریک ہوئے۔ پریس کلب کے سامنےاحتجاجی مظاہرے سے امیدواروں کے رہنماؤں نورحسن کھوسو، نیاز احمد لوند، بلاول پٹھان، جانی میمن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے محکمہ تعلیم سندھ کی بھرتی پالیسی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سندھ ایک پالیسی کے نام پر امیدواروں کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا جا رہا ہے۔ بعض امیدواروں کو "ہارڈ ایریا” قرار دے کر صرف 33 مارکس حاصل کرنے پر نوکری کے آرڈرز دیے گئے، جبکہ دوسرے امیدوار جو 39 مارکس کے ساتھ "سافٹ ایریا” میں شامل تھے، انہیں نوکری کے آرڈرز نہیں دیے گئے۔ اس رویے کو دوہری پالیسی کا واضح مظاہرہ قرار دیا گیا۔رہنماؤں نے کہا کہ اس غیر مساوی سلوک کی وجہ سے امیدواروں میں بے چینی اور مایوسی پیدا ہوئی ہے، اور یہ صورتحال فوری اصلاحات کا متقاضی ہے۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ اوزیر تعلیم سندھ سے مطالبہ کیا کہ بدین ضلع کے آئی بی اے ٹیسٹ پاس امیدواروں کو فوری طور پر 33تا39 مارکس پر پاس قرار دے کر نوکری کے آرڈرز جاری کیے جائیں تاکہ ان کی مالی مشکلات اور اضطراب ختم ہو۔احتجاجی ریلی کے دوران مظاہرین نے دوہری پالیسی ختم کرنے اور تمام امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کا بھی پرزور مطالبہ کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر فوری کارروائی نہ کی گئی تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔ مظاہرین نے نعرے بازی بھی کی جبکہ انہوں نے پوسٹر بھی اٹھارکھے تھے جن پربھی ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے



