حیدرآباد میں بھی ای چالان سسٹم کا آغاز، ابتدائی مرحلے میں 72 کیمرے نصب کیے جائیں گے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی ای چالان شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ای چالان سے متعلق ڈی آئی جی حیدرآباد اور کمشنر حیدرآباد نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد سمیت ڈویژن کے تین اضلاع میں ای چالان شروع کررہے ہیں۔

طارق دھاریجو نے کہا کہ پہلے مرحلے میں حیدرآباد کی مختلف شاہراہوں پر 72 کیمرے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آٹوبھان روڈ، جامشورو روڈ، وادھو روڈ اور قاسم آباد میں ای چالان شرعع ہوگا، شہر میں تین شاہراہوں پر تین نئے سگنلز بھی لگا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ نومبر میں کراچی میں ٹریفک پولیس نے شہر میں ایک ماہ کے دوران کیے گئے ای چالانز کی تفصیلی رپورٹ جاری کی تھی، جس میں بتایا گیا تھا گزشتہ ماہ مجموعی طور پر تیرا نوے ہزار سے زائد ای چالان جاری کیے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سب سے زیادہ خلاف ورزیاں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی تھیں۔ اس خلاف ورزی پر 57 ہزار 541 ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی گئی اور مجموعی طور پر 57 کروڑ 54 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں نے بھی بڑی تعداد میں قوانین کی خلاف ورزی کی، 22 ہزار 262 موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ کے بغیر پکڑے گئے، جن پر 11 کروڑ 11 لاکھ 35 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button