حُرارباب الیون نے حر سپر لیگ چیمپئن شپ جیت لی

میرپورخاص(رپورٹ:شاھدمیمن/جانوڈاٹ پی کے)عمرکوٹ میں حُرسپر لیگ سیزن ون ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل میچ کھیلا گیا، جس میں حر ارباب الیون نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا. تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ شہر کے ماروی "لانبا” کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 8 ٹیموں نے حصہ لیا۔ پہلا سیمی فائنل فقیر الیون اور حر ارباب الیون کے درمیان کھیلا گیا، جس میں حر ارباب الیون نے 140 رنز کا ہدف دیا، جواب میں فقیر الیون 130 رنز تک محدود رہی۔دوسرے سیمی فائنل میں الراضی کلب نے شاہ لطیف کلب کو شکست دی، جہاں الراضی نے 140 رنز بنائے جبکہ شاہ لطیف کلب صرف 90 رنز بنا سکی۔فائنل میچ، جو 8 اوورز پر مشتمل تھا، حر ارباب الیون اور الراضی الیون کے درمیان کھیلا گیا۔ الراضی الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 60 رنز کا ہدف دیا، جسے حر ارباب الیون نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ جیت لیا اور ٹورنامنٹ کی چیمپیئن بن گئی۔فائنل کے موقع پر مہمانِ خصوصی حاجی حسین مہر، فقیر رحمت اللہ منگریو، نوجوان صحافی غلام مصطفیٰ مہر، الفقرا محمد رحیم مہر اور آرگنائزر کمیٹی کے اراکین ثناءُ اللہ مہر، حاجی کامران مہر اور غلام مرتضیٰ مہر موجود تھے۔اس موقع پر ونر ٹیم کے کپتان منیر مہر کو 50 ہزار روپے نقد انعام اور ونر ٹرافی دی گئی، جبکہ رنر اپ ٹیم کے کپتان رحیم علی راجڑ کو بھی نقد انعام اور رنر ٹرافی سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ مین آف دی میچ صمند کھوسو، مین آف دی سیریز سجاد، بہترین بالر اصغر بھیو اور بہترین بیٹسمین اعجاز ہنگورجو سمیت دیگر کھلاڑیوں میں بھی انعامات تقسیم کیے گئے۔ مہمانوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کے لیے نہایت ضروری ہیں، ایسی سرگرمیوں کا تسلسل رہنا چاہیے تاکہ نوجوان مثبت سرگرمیوں کی طرف آئیں اور مستقبل میں قومی سطح پر سندھ اور عمرکوٹ کا نام روشن کریں۔



