ایران کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول،امریکا کا ایرانی آبدوز سمیت17بحری جہازوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ

تہران/تل ابیب/واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکا،اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی زور پکڑ گئی۔آبنائے ہرمز پر ایران نے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ایرانی فوج کی جانب سے بحرین میں امریکی بحریہ کے ہیڈکوارڑ اور فوجی اڈوں پر حملوں کے نتیجے میں 160 امریکیوں کے ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 787 ہوگئی جبکہ ایران کے اسرائیل سمیت عرب ممالک میں قائم امریکی بیسز اور سفارت خانوں پر حملے جاری ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق چار روز سے جاری اسرائیلی و امریکی حملوں میں اس کے 787 شہری جاں بحق ہوچکے ہیں اور سیکڑوں زخمی ہیں۔ یہ اعداد و شمار ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پیش کیے ہیں۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک امریکی بیسڈ تنظیم کے مطابق حالیہ حملوں میں ایران میں 742 شہری ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 176 بچے ہیں۔

ایرانی آبدوز سمیت 17 بحری جہازوں کو تباہ کرنے کا امریکی دعویٰ

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران میں تقریباً 2,000 اہداف پر حملے کیے ہیں۔

سینٹکام کے مطابق حملوں میں ایران کی آبدوزیں اور 17 بحری جہاز بھی تباہ کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد خلیج عرب، ہرمز اور خلیج عمان میں کوئی ایرانی بحری جہاز موجود نہیں۔

امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے 500 بیلسٹک میزائل اور 2,000 سے زائد ڈرون داغے

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی فضائیہ، بحریہ اور قیادت کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران امریکا سے بات کرنا چاہتا ہے مگر اب بہت دیر ہو چکی ہے اور اہداف کے حصول تک جنگ جاری رہے گی۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا ایران کے میزائل پیڈز اور جوہری ہتھیاروں کے اہداف کو تباہ کرنے کے لیے کارروائیاں کر رہا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مقاصد کے حصول تک امریکی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

تہران میں ایرانی لڑاکا طیارے کو مار گرایا: اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی لڑاکا طیارے نے تہران میں ایرانی طیارے کو مار گرایا۔ دعویٰ کے مطابق ایرانی طیارےکو اسرائیلی ایف 35 طیارے نے تہران کی فضا میں نشانہ بنایا۔

مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔تاہم اس خبر کی تاحال ایرانی سرکاری حلقوں کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے مجلس خبرگان کا اجلاس جاری ہے اور نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ایران کی مذہبی و سیاسی قیادت کے اندرونی مشاورتی عمل کے بعد سامنے آیا، لیکن سرکاری ذرائع خاموش ہیں جس کے باعث صورتِ حال غیر واضح ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ اسرائیلی فوج خامنہ ای کے بعد مقرر کیے جانے والے کسی بھی جانشین کو نشانے پر رکھے گی۔

ایران کا اسرائیل کے خلاف وعدہ صادق 4 کی 16 ویں لہر شروع

ایران نے اسرائیل کے خلاف میزائلوں اور ڈرونز سے تازہ حملہ کر دیا ہے جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کی 16ویں لہر شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔پاسداران انقلاب اسلامی کے مطابق اسرائیل کی جانب بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں، جن کا ہدف مخصوص عسکری اور اسٹریٹیجک مقامات بتائے جا رہے ہیں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میزائل حملوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں ڈرونز بھی اسرائیل کی سمت روانہ کیے گئے ہیں۔

دبئی میں امریکی قونصل خانے پر ڈرون حملہ، آگ بھڑک اٹھی

متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں واقع امریکی قونصل خانے کے قریب زور دار دھماکوں کے بعد آگ اور دھویں کے بادل دیکھے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔عرب میڈیا کے مطابق ریاستہائے متحدہ امریکہ کا قونصل خانہ دبئی کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد عمارت کے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ آسمان پر سیاہ دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button