آبنائے ہرمز سے پاکستانی آئل ٹینکر کو گزرنے کی اجازت مل گئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے سپیشل رپورٹ)مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایران نے پاکستانی آئل ٹینکر کو حساس سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمزسے گزرنے کی اجازت دے دی۔
اطلاعات کے مطابق پہلا غیر ایرانی آئل ٹینکر “کراچی” تھوڑی دیر قبل آبنائے ہرمز سے کامیابی کے ساتھ گزر گیا۔ جہاز کا ٹریکنگ سگنل بھی فعال تھا جس سے اس کی نقل و حرکت واضح طور پر مانیٹر کی جا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق خطے میں سیکیورٹی خدشات اور حالیہ کشیدگی کے باعث اس اہم سمندری راستے سے گزرنے والے جہازوں پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ ایسے میں پاکستانی آئل ٹینکر کو گزرنے کی اجازت ملنا ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کے بڑے حصے تک تیل سپلائی کیا جاتا ہے۔ اس راستے سے جہازوں کی آمد و رفت میں کسی بھی رکاوٹ کا اثر عالمی منڈی اور خطے کی معیشت پر پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی حکام اور شپنگ ذرائع اس پیش رفت کو مثبت قرار دے رہے ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ خطے میں تجارتی جہازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔



