عراق جاتے ہوئے ایران میں گولیاں لگنے سے 6 نوجوان جاں بحق

منڈی بہاءالدین (جانوڈاٹ پی کے) عراق جانے کی کوشش کے دوران ایران میں گولیوں کا نشانہ بننے والے 6 پاکستانی نوجوان جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد منڈی بہاءالدین اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں کہرام مچ گیا اور سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق جاں بحق نوجوان مبینہ طور پر غیرقانونی طریقے سے بارڈر کراس کر رہے تھے کہ ایرانی فورسز کی فائرنگ کی زد میں آ گئے۔ جاں بحق افراد میں باسط اور الیان شامل ہیں، جن کا تعلق منڈی بہاءالدین کے علاقوں سہانا اور ملکانوالہ سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ چار نوجوانوں کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔

لواحقین کے مطابق جاں بحق نوجوانوں کی عمریں 17 سے 25 سال کے درمیان تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ انسانی سمگلرز نے بہتر مستقبل کے خواب دکھا کر نوجوانوں کو غیرقانونی سفر پر آمادہ کیا۔ نوجوان بغیر پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ قبل عراق کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ بعض جاں بحق نوجوان اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کا اپنے اہلِ خانہ سے آخری رابطہ 19 دسمبر کو ہوا تھا، جس کے بعد ان سے کوئی خبر نہ مل سکی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ علاقوں میں غم، صدمے اور غصے کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔

متاثرہ والدین اور لواحقین نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کی لاشیں فوری طور پر وطن واپس لائی جائیں اور انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور عبرتناک کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی اور گھر کا چراغ اس طرح نہ بجھے۔

مزید خبریں

Back to top button