گجرات:ایف آئی اے کی کارروائی،ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی سمگلر سمیت 3 گرفتار

گجرات (جانو ڈاٹ پی کے) ایف آئی اے گجرات نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی سمگلر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں صفدر بشیر، امتیاز علی اور ناظم علی شامل ہیں جنہیں منڈی بہاءالدین اور گجرات کے مختلف علاقوں سے پکڑا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم صفدر بشیر شہریوں کو اٹلی میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث ہے۔ اس کے خلاف 2022 اور 2023 میں 11 سے زائد مقدمات درج ہیں جبکہ یہ ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز میں شمار ہوتا ہے۔

ملزم ناظم علی نے ایک شہری سے یونان میں روزگار کا جھانسہ دے کر ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کیے اور اسے غیر قانونی طور پر پاکستان سے ایران اور پھر ترکی بھجوا دیا۔ یہ ملزم گزشتہ 7 سال سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا اور اس کے خلاف 2018 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

تیسرا گرفتار ملزم امتیاز علی شہریوں کو برازیل بھجوانے کے نام پر 20 لاکھ روپے وصول کر کے روپوش ہوگیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم بھاری رقم لینے کے باوجود متاثرہ افراد کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ انسانی اسمگلنگ کے اس منظم نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button