تھرپارکر:مٹھی سول اسپتال میں چیف میڈیکل آفیسر کی مبینہ خودکشی، ڈاکٹروں کا او پی ڈی کا بائیکاٹ اور احتجاجی مظاہرہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)ضلع تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر شہر مٹھی کی سول اسپتال میں تین روز قبل سرکاری رہائشی کوارٹر میں گریڈ 19 کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کی مبینہ خودکشی کے بعد اسپتال میں شدید افراتفری پھیل گئی ہے۔ واقعے کے بعد اسپتال سے وابستہ تمام حلقوں میں بے چینی پائی جاتی ہے جبکہ تجسس بھرا ماحول ہے اور سوشل میڈیا پر روزانہ نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔

ادھر اس افسوسناک واقعے کے خلاف ڈاکٹروں اور نچلے عملے نے او پی ڈی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسپتال کے اندر احتجاجی مظاہرے کیے۔

مظاہرے کے دوران خواتین ڈاکٹروں نے بھی اہم انکشافات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سینئر ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے نے پوری اسپتال انتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور سب جانتے ہیں کہ اسپتال میں ایک مافیا سرگرم ہے جس کے خلاف جدوجہد کرنا ضروری ہے۔

ایک خاتون ڈاکٹر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں صرف ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کا مسئلہ نہیں بلکہ ہم سب ذہنی دباؤ اور ٹارچر کا شکار ہیں۔ ہماری کوئی سیکیورٹی نہیں ہے اور ہر وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر حالات یہی رہے تو ایسی ڈیوٹی کرنا مشکل ہو جائے گا۔

ایک اور خاتون ڈاکٹر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ وہ ریڈیالوجی اور الٹراساؤنڈ کی ڈاکٹر ہیں لیکن ان سے دوسرے شعبوں کا کام بھی لیا جاتا ہے، حالانکہ ان شعبوں کے لیے ڈاکٹر موجود ہیں، مگر کسی میں انہیں ڈیوٹی لینے کی ہمت نہیں ہے۔

دوسری جانب سول اسپتال کے حوالے سے یہ انکشافات بھی سامنے آئے ہیں کہ ڈاکٹر عبدالکریم شیخ ڈیوٹیوں کی سختی سے نگرانی کرتے تھے اور فنڈز میں خرد برد کو روکنے کی کوشش کرتے تھے۔ اسی وجہ سے انہیں شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور بالآخر انہوں نے خودکشی کر لی۔ مظاہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسپتال کا بڑا عملہ ویزا پر گیا ہوا ہے، اس معاملے کی بھی تحقیقات کی جائیں۔

ادھر آر ایچ سی اسپتال اسلام کوٹ میں مقتول ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کے قاتلوں کے خلاف چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبدالستار لنجو کی قیادت میں ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف نے احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ مقتول کے خون سے انصاف کیا جائے۔

دوسری طرف کلوئی کے سماجی رہنما رمضان لنڈ کی قیادت میں سول اسپتال مٹھی کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button