سرگودھا:تھانہ کڑانہ پولیس کی بروقت کارروائی،لاکھوں روپے مالیتی چوری شدہ گھوڑا برآمد کرلیا

سرگودھا (نامہ نگار) تھانہ کڑانہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیتی گھوڑا چوری کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی کوشش ناکام بنا دی اور قیمتی گھوڑا برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیا۔

تھانہ کڑانہ کے علاقے میں حامد علی نامی شہری کے ڈیرے سے نامعلوم چوروں نے لاکھوں روپے مالیتی قیمتی گھوڑا چوری کیا۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او کڑانہ محمد عمران اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔پولیس ٹیم کو پیچھا کرتے دیکھ کر ملزمان بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور گرفتاری کے ڈر سے قیمتی گھوڑا وہیں چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے موقع سے گھوڑے کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد اسے اصل مالک حامد علی کے سپرد کر دیا۔شہریوں اور ڈیرہ مالکان نے ایس ایچ او کڑانہ محمد عمران اور ان کی ٹیم کی اس فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کی مستعدی سے شہری اپنے مال و متاع کو محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد انہیں بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button