کلاس میں ہارر فلم دیکھنےکے بعد طالبہ نفسیاتی عارضے میں مبتلا، اسکول پر جرمانہ عائد

شنگھائی(جانوڈاٹ پی کے) چینی والدین کلاس میں ہارر فلم دیکھ کربیٹی کے شدید نفسیاتی عارضے میں مبتلا ہونے کے خلاف عدالت جا پہنچے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت میں غیر معمولی نوعیت کا کیس 2 سال قبل 2023 میں شروع ہوا تھا جو حال ہی میں اسکول پر جرمانے کے بعد ختم ہوا۔
میڈیا رپورٹ کا بتانا ہے کہ اکتوبر 2023 کے دوران چین کے شہر ہانگزو کے اسکول میں ٹیچر کے چھٹی پر ہونے کے دوران بچوں کو کلاس میں اسکول کی طرف سے بنائی گئی ہارر فلم دکھائی گئی۔
فلم دیکھنے کے بعد اسی شام ایک طالبہ کی طبیعت اچانک بگڑتی چلی گئی، بیٹی میں غیر معمولی علامات ظاہر ہونے کے بعد والدین اسے مقامی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹرز نے بچی میں Acute and Transient Psychotic Disorder (ایسا نفسیاتی عارضہ جس کی علامات اچانک سے ظاہر ہوتی ہے، اس عارضے کی وجہ نفسیاتی تناؤ ہو سکتا ہے عارضے میں مبتلا مریض کی کیفییت دنوں سے 3 ماہ تک جاری رہ سکتا ہے) بتائیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بچی کے علاج کے بعد اس کی حالت قدرے سنبھل گئی تاہم بچی کی کیفیت دیکھنے کے بعد اس کے والدین اسکول کے خلاف عدالت جاپہنچے اور بچی کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے اسکول پر 30 ہزار یوآن جرمانے کا مقدمہ دائر کردیا۔
بچی کے والدین کے مطابق میڈیکل ریکارڈ ثابت کرتا ہے کہ بچی حتیٰ کہ اس کے خاندان کے دیگر افراد کی میڈیکل ہسٹری میں بھی کوئی نفسیاتی عارضہ موجود نہیں ہے، کلاس میں ہارر فلمیں دیکھنے سے ان کی بیٹی کی ذہنی صحت خراب ہوگئی‘ ۔
دوسری جانب اسکول نے الزام مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بچی کی ذہنی حالت ممکنہ طور پر پہلے سے موجود ذہنی مسائل کی وجہ سے خراب ہوئی، 2 سال تک عدالت میں زیر سماعت رہنے والے مقدمے میں عدالت نے حال ہی میں اسکول کو بچی کے والدین کو 9182 یو آن ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ نمٹا دیا۔



