قمبرشہدادکوٹ:بیوی کو بچوں کے سامنے قتل کرنے والا شوہر گرفتار، اسلحہ برآمد

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)قمبرشہدادکوٹ پولیس نے بیوی کو اپنے معصوم بچوں کے سامنے سرِراہ بے رحمی سے قتل کرنے والے شوہر کی گرفتاری کئی روز بعد ظاہر کر دی۔
قمبر سٹی تھانے کی پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر دورانِ گشت کارروائی کرتے ہوئے قمبر کے غیبی دیرو روڈ پر باغن شاہ کے قریب قتل کیس میں مطلوب ملزم نثار چنہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پسٹل اور گولیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نثار چنہ نے 30 دسمبر 2025 کو سیاہ کاری کے الزام میں اپنی بیوی وحیدہ چنہ کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو واقعے کے دو روز بعد ہی گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم اس کی گرفتاری ظاہر نہیں کی جا رہی تھی۔ مقتولہ وحیدہ چنہ کے ورثاء نے پولیس کی مبینہ نااہلی کے خلاف بھرپور احتجاج اور آواز بلند کی، جس کے بعد پولیس ملزم کی گرفتاری ظاہر کرنے پر مجبور ہوئی۔
واضح رہے کہ اس قتل کیس میں مقتولہ کے دیور ربن سولنگی سمیت مزید دو افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے، تاہم پولیس تاحال دیگر نامزد ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔



