ایران نواز حوثی باغیوں کے جنرل محمد عبد الکریم الغماری جاں بحق

صنعا(جانو ڈاٹ پی کے)یمن میں برسرپیکار حوثی تحریک نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے جنرل سٹاف کے سربراہ محمد عبد الکریم الغماری ایک فضائی حملے میں جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
حوثی ذرائع کے مطابق الغماری کو شدید زخم آئے تھے جن کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔ تاہ ، یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ حملہ کب اور کہاں ہوا۔ بعض بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ انہیں اسرائیلی فضائی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
تاحال اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حوثیوں کی جانب سے اس اعلان کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ محمد عبد الکریم الغماری، حوثی ملیشیا کے اعلیٰ ترین فوجی عہدیداران میں شمار ہوتے تھے، اور ان کا شمار ایران نواز قیادت کے قریب ترین افراد میں ہوتا تھا۔ ان کی ہلاکت، اگر تصدیق ہو جاتی ہے، تو یہ حوثی تحریک کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کی جا رہی ہے۔



