خیرپور میں ایڈز بے قابو، 10 روز میں 8 بچے ہسپتال داخل، 3 سالہ بچی کا انتقال

خیر پور(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے علاقے خیرپور میں جان لیوا ایڈز نے کمسن بچوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا، 10 روز کے دوران گمبٹ ہسپتال کے وارڈ میں داخل 8 کمسن بچوں میں موذی ایچ آئی وی ایڈز کی تصدیق ہوئی ہےجبکہ 3 سالہ بچی علیشہ کے انتقال کرنے کی اطلاع ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ بچوں کی عمریں 5 ماہ سے 3 سال کے درمیان ہیں، جبکہ 7 بچے تاحال زیرِ علاج ہیں، بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق کے بعد گمبٹ ہسپتال کے بچوں اور گائنی وارڈز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ نے فوری اقدامات کرتے ہوئے بچوں کے سرجری، میڈیکل اور زچگی وارڈز میں ناتجربہ کار ڈاکٹروں اور عملے کے کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
گمبٹ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے بتایا کہ ہسپتال میں ایڈز سینٹر موجود نہیں، اس لیے متاثرہ بچوں کو ایڈز سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایڈز سینٹرز سکھر اور لاڑکانہ میں قائم ہیں۔
ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کا کہنا تھا کہ گمبٹ ہسپتال میں دیگر ہسپتالوں سے بھی بچے ریفر ہو کر آتے ہیں، جبکہ متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافے کی وجوہات جاننا ضلعی محکمہ صحت (ڈی ایچ او) کی ذمہ داری ہے۔



