بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نے تقریب میں مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا

نیو دہلی(جانوڈاٹ پی کے)نریندر مودی کے دور حکومت میں بھارتی مسلمان خواتین کا حجاب پہننا مشکل ہوتا جارہا ہے۔

مسلم دشمنی اور تنگ نظری کا حالیہ واقعہ بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں پیش آیا ہے جہاں بی جے پی کے اتحادی  بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار  نے  ایک تقریب میں  مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں روایتی اور دیسی طریقہ علاج کی وزارت ‘آیوش’ کی جانب سے آیوش ڈاکٹروں کو ملازمت کا تقرر نامہ(Appointment Letter) دینے کی تقریب رکھی گئی تھی جس میں وزیراعلیٰ بہار  آیوش ڈاکٹروں کو تقرر نامہ  دے رہے تھے۔

اس دوران جب  ایک مسلمان  خاتون نصرت پروین کی باری آئی جنہوں نے چہرے پر نقاب ڈال رکھا تھا اور مکمل برقعہ میں ملبوس تھیں،  خاتون کو تقرر نامہ حوالے کرتے ہوئے نتیش کمار نے  ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ یہ کیا ہے اور  ان کا نقاب کھینچ دیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ موجود نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چوہدری نے  انہیں روکنے کی کوشش بھی کی۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور  اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتا دل نے نتیش کمار پر سخت تنقید کرتے ہوئےکہا کہ کیا ان کی ذہنی حالت اب مکمل طور پر خراب ہو چکی ہے؟

کانگریس نے بھی اس حرکت پر سخت تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ جب ریاست کے اعلیٰ عہدے پر بیٹھا شخص ایسی حرکت کر رہا ہے تو  تصور کیا جاسکتا ہے کہ ریاست میں خواتین کتنی محفوظ ہوں گی؟ نتیش کمار کو اس شرمناک عمل پر فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button