عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست دائر، آنکھ کی سنگین بیماری کو بنیاد بنایا گیا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کیس میریٹ اور طبی بنیاد پر سزا معطلی کا اہل ہے کیونکہ بانی پی ٹی آئی اپنی دائیں آنکھ کی سنگین بیماری میں مبتلا ہیں۔ درخواست کے مطابق ڈاکٹر محمد عارف (پمز) نے تصدیق کی کہ عمران خان کی دائیں آنکھ خون کے لوتھڑے کے باعث شدید متاثر ہو چکی ہے اور بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ جیل کے اندر اس بیماری کا مناسب علاج ممکن نہیں اور بانی پی ٹی آئی کی عمر 73 سال ہونے کے سبب انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق، درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں بھی سزا معطلی کے لیے متفرق درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنکھ کی بیماری کی وجہ سے فوری سماعت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کے لیے بھی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ہے، کیونکہ انہیں ایک سال سے ضمانت نہیں ملی۔ درخواست ہے کہ پیر کے روز بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button